گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد

فدا محمد فدا 

گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں بھی انجمن بہبود مریضاں کے زیر اہتمام پاکستان کا 77 واں یوم آزادی نہایت جوش و خروش سے منایا گیا ۔ایم ایس ڈاکٹر ثوبیہ جاوید کی ہدایات پر ہسپتال کی عمارت کو قومی پرچموں اور خوبصورت غباروں سے دلہن کی طرح سجایا گیا۔

77 ویں یوم آزادی کی اس تقریب کی صدارت ایم ایس ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے کی جبکہ اس تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگی رہنما ، ایم پی اے سمیع اللہ خان تھے۔


ایم ایس ڈاکٹر ثوبیہ جاوید ، پرنسپل شاہدرہ نرسنگ کالج ڈاکٹر خدیجہ مشتاق ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال طیبہ عابد ، اور صدر انجمن بہبود مریضاں ملک طارق محمود نے دیگر عہدے داران چیرمین سپریم کونسل سید مبشر حسین شاہ ، سینئر نائب صدر حافظ طاہر فاروق ، نائب صدر باؤ محمد خالد ، فنانس سیکرٹری فدا محمد فدا ، مرزا عتیق بیگ ، مرزا رشید بیگ ،اور شفقت علی کے ہمراہ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

فیروز والہ پریس کلب رجسڑڈ کے صدر رانا آصف حسین بھٹی بھی اپنے دیگر عہدے داران کے ہمراہ موقع پر موجود تھے۔

مہمانوں کو ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے گل دستے پیش کیے جبکہ دیگر اسٹاف نے گل پوشی کی.سمیع اللّٰہ خان نے ڈاکٹر ثوبیہ جاوید ، ڈاکٹر خدیجہ مشتاق ، ملک طارق محمود اور طیبہ عابد کے ہمراہ پرچم کشائی کی ۔ پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کروائی گئی ۔ اور 14 اگست کے حوالے سے پودے بھی لگائے گئے ۔

پروگرام کا آغاز اللّٰہ کریم کے پاک کلام سے کیا گیا ۔ جس کے بعد نعمت رسول مقبول سے دلوں کو ٹھنڈک پہنچائی گئی ۔
ہسپتال کے ڈاکٹرز اسٹاف ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین نے یومِ آزادی کے اس پروگرام میں جوش و خروش سے حصہ لیا ۔

نرسنگ کالج کے طلباء وطالبات نے تقاریر اور ملی نغموں سے ماحول کو گرمائے رکھا ۔ 77 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے 77 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا ۔

سمیع اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 14 اگست دنیا میں ایک تاریخ ساز دن ہے ۔ اس تاریخ ساز دن ہی کو قائد اعظم محمد علی جناح کی ان تھک محنتوں نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا ۔ اور اب یہ ہم پر فرض ہے کہ ہم قائد کے اس تحفے کی قدر کریں ۔
ایم ایس ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی حقیقی خدمت یہ ہے کہ ہم اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دیں ۔ اور خود کو عوام کی خدمت کے لیے وقف کر دیں ۔

پرنسپل شاہدرہ نرسنگ کالج ڈاکٹر خدیجہ مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج خوشی ہوئی اپنے نوجوانوں کے خیالات سن کر کہ وہ آزادی کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

صدر انجمن بہبود مریضاں ملک طارق محمود نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم آج کے تاریخ ساز دن کو گواہ بنا کر صدق دل سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں