ویب ڈیسک
کراچی کے علاقے کارساز میں ہونیوالے حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی میڈیکل رپورٹ آگئی۔
کارساز حادثے کا معاملہ ڈائریکٹر لیبارٹریز اینڈ کیمیکل ایگزامنر گورنمنٹ آف سندھ کی رپورٹ منظر عام پر آگئی ، ملزمہ نتاشہ کے میڈیکل ایگزامینیشن کے لیے خون اور یورین کے سیمپلز دیے گئے۔
میڈیکل رپورٹ میں ملزمہ کے نشے میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ یورین رپورٹ میں واضح طورپرمیتھافیٹامائن آئس نشے کاپتہ چلا جبکہ بلڈ رپورٹ میں اس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
میڈیکل رپورٹ کے نتائج آنے کے بعد ملزمہ نتاشہ کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کا نیا مقدمہ درج کیا گیا، تفتیشی افسر نے ملزمہ نتاشہ سے تفتیش کی اجازت طلب کرلی گئی ، عدالت نے تفتیشی افسر کو جیل میں ضوابط کے مطابق تفتیش کی اجازت دےدی۔
ملزمہ مرکزی مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے ، ملزمہ کےخلاف میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پرگزشتہ روز امتناع منشیات ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس سرجن کی رپورٹ کےمطابق ملزمہ وقت وقوعہ آئس کے نشے کی حالت میں تھی۔
خیال رہے کہ 19 اگست کو کارساز کے قریب تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سواروں کو روندتے ہوئے گزر گئی، حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار آمنہ اور اس کے والد 60 سالہ عمران عارف جائے وقوعہ پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔