لاہور (فدا محمد فدا )
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے حکام نے تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے مختلف اوقات میں، کندھے میں درد، کان اور دانت میں انفیکشن سمیت ’ورٹیگو‘ یعنی ’چکر آنے‘ کی شکایت کی جس کا بروقت علاج کیا گیا۔
جیل حکام کی اس رپورٹ پر سوشل میڈیا میں مختلف تبصرے ہو رہے ہیں۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت مستقل گر رہی ہے جبکہ بعض کے نزدیک یہ معمولی شکایات ہیں۔
اڈیالہ جیل کے حکام نے عمران خان کی صحت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کروائی تھی جس میں اگست 2023 میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے اُن کے طبی معائنوں، میڈیکل ٹیسٹ اور اُنھیں ذاتی معالج فراہم کرنے کی تفصیلات دی گئیں۔