لندن (وسیم چوہدری )
برطانیہ کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور ہو گیا، پاکستانی نژاد خاتون رکن پارلیمنٹ شبانہ محمود کو وزیرداخلہ مقرر کر دیا گیا۔ وہ اس اعلیٰ منصب پر فائز ہونے والی پہلی برطانوی مسلمان خاتون بھی ہیں۔
شبانہ محمود برمنگھم سے تعلق رکھتی ہیں اور کئی برسوں سے برطانوی پارلیمنٹ کی سرگرم رکن کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ اپنی انتھک محنت، قانون سازی میں فعال کردار اور کمیونٹی کی بے لوث خدمت کے باعث انہوں نے سیاسی و عوامی سطح پر منفرد پہچان بنائی۔
وزیرداخلہ کا منصب برطانیہ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، جو قومی سلامتی، امیگریشن پالیسی اور داخلی امور کی نگرانی کرتا ہے۔ شبانہ محمود کی تقرری کو نہ صرف برطانوی سیاست میں مسلم اور ایشیائی کمیونٹی کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ فیصلہ برطانیہ کی کثیرالثقافتی سوچ اور مساوی مواقع کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
سیاسی ماہرین کے مطابق شبانہ محمود کا وسیع تجربہ اور قانون پر گہری گرفت انہیں داخلی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائے گی۔ پاکستانی کمیونٹی سمیت دنیا بھر میں ان کی تقرری پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے تارکین وطن کی محنت اور جدوجہد کا ثمر قرار دیا جا رہا ہے۔