ایتھنز(انصر اقبال بسرا )
یونان ایک بار پھر عالمی سیاحت کا مرکز بن گیا ہے۔ حالیہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 کی پہلی ششماہی میں سیاحت کے شعبے سے ملک نے 7.6 بلین یورو کا ریکارڈ زرمبادلہ کمایا، جو گزشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہے۔
مرکزی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یونان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ان کے اخراجات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔ نیلا سمندر، قدیم تاریخی مقامات اور یونانی عوام کی روایتی مہمان نوازی نے اس ملک کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک پرکشش منزل بنا دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مثبت رجحان نہ صرف ملکی معیشت کو سہارا دے رہا ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے۔ یونان کی حکومت توقع کر رہی ہے کہ رواں برس کے اختتام تک سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدن ریکارڈ سطح کو چھو لے گی۔