وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حنا پرویز بٹ کا متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت، انصاف کی یقین دہانی
گجرات (رانا علی زوہیب )
تھانہ کنجاہ کی حدود میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو راشدہ کو زہر اور تیزاب پلانے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے خاتون کو برہنہ کر کے ویڈیو بھی بنائی اور تاخیر سے اسپتال منتقل کرنے کے بعد اہلِ خانہ کو اطلاع دی۔ متاثرہ خاتون نے ہوش میں آ کر اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور دم توڑ گئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ فوری طور پر مقتولہ کے گھر پہنچیں۔ انہوں نے غمزدہ والدین، بھائی، بہن اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی، نفسیاتی اور سماجی مدد فراہم کرے گی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم تمام نامزد ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں اور کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
حنا پرویز بٹ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک معصوم بہو پر زہر اور تیزاب پلانا ناقابلِ معافی جرم ہے۔ میں ذاتی طور پر اس کیس کی نگرانی کر رہی ہوں۔ ملزمان کا پولی گراف (Lie Detector) ٹیسٹ کروانے اور تفتیشی عمل کو تیز کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔ انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ایسے مجرمان کو سخت ترین سزا دی جائے گی تاکہ معاشرے میں عبرت کا نشان قائم ہو۔ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا مشن ہے۔”
ایس پی انویسٹی گیشن ضلع گجرات نے کہا کہ اس اندوہناک جرم میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جا رہی ہے اور انصاف ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
گجرات پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی، اور ایسے مجرمان کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔












