ایس پی عدیل اکبر کی چھٹی کا لیٹر منظرِ عام پرآگیا

اسلام آباد (رانا علی افضل )

اسلام آباد پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی چھٹی کی منظوری کا لیٹر منظرِ عام پر آگیا ہے۔ دستاویز کے مطابق، ایس پی عدیل اکبر نے ڈینگی کی تشخیص کے بعد چھٹی کی درخواست جمع کرائی تھی۔

لیکن حیران کن طور پر ان کی چھٹی 20 سے 22 اکتوبر تک کے لیے منظور کی گئی، جبکہ منظوری 23 اکتوبر یعنی ان کی موت والے دن دی گئی۔

 

ذرائع کے مطابق، ڈینگی بخار کے باوجود ایس پی عدیل اکبر 21 اکتوبر کو بھی باوردی دفتر میں موجود رہے اور معمول کے فرائض انجام دیتے رہے۔

 

ادھر انڈسٹریل ایریا پولیس ٹیم ایک ڈکیت گروہ کے تعاقب میں کوہاٹ روانہ ہوئی، جہاں عدیل اکبر کو بھی ایک سینئر افسر کی جانب سے سختی سے جانے کا حکم ملا۔

ایس پی عدیل اکبر ڈی ایس پی کے ہمراہ شام پانچ بجے اسلام آباد سے کوہاٹ روانہ ہوئے اور پونے آٹھ بجے خوشحال گڑھ پل پہنچے۔

وہاں انہوں نے ٹیم سے تفصیلی معلومات لیں اور ڈاکوؤں کے بارے میں انویسٹیگیشن کی۔

 

ذرائع کے مطابق، رات گئے ایس پی کو ڈاکوؤں کی اسلام آباد منتقلی سے روکا گیا، تاہم اگلے روز گرفتار ملزمان کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق، اس کامیاب کارروائی پر ایس پی عدیل اکبر بے حد خوش اور مطمئن تھے۔

 

چھٹی کے باوجود وہ 22 اکتوبر کو بھی دفتر میں باوردی موجود رہے، جبکہ 23 اکتوبر کو بھی انہوں نے ڈیوٹی انجام دی — اسی روز ان کی پُراسرار موت کی خبر نے پولیس حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں