یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے تقریب کا انعقاد

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آزادی تک عزم اٹل رہے گا: خالد مجید

جدہ (محمد عدیل )

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، کشمیری نمائندگان اور مقامی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مقررین نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی تک ہمارا عزم اٹل رہے گا۔”
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی سطح پر کشمیریوں کی حمایت کرنے والے تمام حلقوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند رکھی۔

اسلامی تعاون تنظیم (OIC) میں پاکستان کے مستقل مندوب فواد احمد شیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ “کشمیری عوام کا حوصلہ اور قربانیاں پوری دنیا کے لیے مثال ہیں، پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔”

یومِ سیاہ کشمیر کی اس تقریب میں کمیونٹی رہنماؤں، خواتین، طلبہ اور سماجی کارکنوں نے بھی شرکت کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی نعرے بھی لگائے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں