بازار برلن میں پاکستانی نژاد ننھے فنکاروں کے فن پاروں کی دھوم

سفارتخانہ پاکستان برلن کی جانب سے بچوں کو فن نمائش کا منفرد موقع فراہم

برلن (مہوش ظفر )

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جاری پانچ روزہ “بازار برلن” میں پاکستانی نژاد جرمن بچوں اور نوجوان فنکاروں کے فن پاروں نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

بازار برلن ایک عالمی نمائش ہے جو ہر سال نومبر میں منعقد ہوتی ہے، جہاں دنیا بھر سے فنکار، تاجر، اور ہنرمند اپنی مصنوعات اور تخلیقات پیش کرتے ہیں۔ اس سال سفارتخانہ پاکستان برلن کی جانب سے خصوصی طور پر پاکستانی نژاد بچوں کو اپنے فن کے مظاہرے کا موقع فراہم کیا گیا۔

نمائش کے افتتاحی روز ننھے آرٹسٹ آرب ظفر نے اپنے ہاتھوں سے بنایا گیا پاکستان کا جھنڈا سفارتخانہ پاکستان برلن میں قائم مقام سفیر رومان احمد کو پیش کیا۔ اس موقع پر رومان احمد ناظم الامور نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بازار برلن میں ہمارے نئے ٹیلنٹ کو موقع فراہم کیا گیا ہے، اور یہ اقدام سفیرِ پاکستان محترمہ ثقلین سیدہ کی ذاتی دلچسپی سے ممکن ہوا ہے۔

 

ننھے آرٹسٹ آرب ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں سفارتخانہ پاکستان برلن کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع دیا۔

اسی طرح پاکستانی نژاد آرٹسٹ اسرا نے اپنے فن پاروں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا میں نے اپنے فن کی مدد سے پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

جبکہ ننھی آرٹسٹ مسفرہ ظفر نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ رنگ برنگے پھولوں کی نمائش کی اور کہا یہ پہلا موقع ہے کہ مجھے اپنے آرٹ کو سب کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملا، میں بہت خوش ہوں۔

سفارتخانہ پاکستان برلن کی جانب سے پانچ روزہ اس ایونٹ میں مختلف پاکستانی ہنرمندوں، بچوں اور آرٹسٹوں کو باری باری نمائندگی کا موقع دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں