فیصل آباد (ویب ڈیسک )
ایس ایم تنویر نے کہا ہے فیصل آباد میں 100 سے زائد انڈسٹریز بند ہونے سے لاکھوں افراد بے روز گار ہو گئے ہیں۔
سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا کہ اس کی وجہ ایک ہی ہے جو ہم کئی مہینوں سے چیخ رہے ہیں، آپ مہنگی بجلی دیں گے تو ہم کام کیسے کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ ہم جمعہ والے دن فیصل آباد جا رہے ہیں، وہاں کی قیادت کے ساتھ مل کر قوم سے بات کریں گے، حکومت کو خدا کا واسطہ ہے آئی پی پیز کے مسائل کو حل کریں۔
ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کے فیصل آباد کی سب سے پرانی انڈسٹری بھی بند ہو گئی ہے، روز کی بنیاد پر ایک سے دو انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں۔ ہمیں سمجھ نہیں آ رہی ہم اتنی مہنگی بجلی کے ساتھ انڈسٹری کیسے چلائیں۔
یو بی جی گروپ کے سربراہ نے کہا کہ ہماری ایکسپورٹ 19 بلین ڈالر کی تھی جو اب صرف 16 بلین ڈالر رہ گئی ہے، سو سے زائد انڈسٹریز بند ہونے کا مطلب ہے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔