وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ورلڈ ایکسپو 2025 میں شرکت

پاکستانی پویلین کا دورہ

اوساکا(جاپان): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ ایکسپو 2025 میں شرکت کی جہاں ایکسپو ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکی نوکی ماناٹسو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور نمائش سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ‘اوساکا ایکسپو 2025’ کے منتخب کردہ عنوان ”بہتر زندگی کے لئے مستقبل کے معاشرے کی تشکیل“ کو سراہا اور کہا کہ یہ دنیا کو نئے چیلنجز اور مواقع کی جانب رہنمائی فراہم کرے گا۔

ایکسپو 2025 میں انسانی جان بچانے، عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور خدمات عامہ میں جدت لانے سے متعلق سازوسامان اور طریقہ کار نمایاں کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستان پویلین کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے پویلین میں موجود پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ:
“پنجاب کے شہروں کو فیوچر سٹی کے تصور پر تعمیر و ترقی دیں گے۔”

نمائش میں دنیا بھر سے نامور ماہرین مستقبل میں معاشروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل تجویز کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ماحول دوست خوراک و زراعت کے اسٹال (Kuboto) کا بھی معائنہ کیا۔

ایکسپو میں 150 جاپانی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے اسٹال قائم کئے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ کو “گرینڈ رنگ” (Grand Ring) کا بھی دورہ کرایا گیا جو دنیا کی سب سے بڑی لکڑی سے تعمیر شدہ منفرد عمارت ہے۔ یہ عمارت 20 میٹر بلند اور 61 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے۔

نمائش میں ”تاریک رات میں قوس و قزح“ کے عنوان سے واٹر اینڈ لائٹ شو بھی سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں