راچڈیل (وسیم چوہدری )
بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) ارشد ملک کی جانب سے راچڈیل کے مقامی ہال میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل، وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک اور معروف سینئر صحافی و تجزیہ نگار سہیل وڑائچ کے اعزاز میں مقامی کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
مہمانوں کا پرتپاک استقبال پھولوں کے گلدستوں اور نیک تمناؤں کے اظہار کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب میں ججز، ڈاکٹرز، بیرسٹرز، سالیسٹرز، سیاسی و کاروباری شخصیات اور کمیونٹی کے سرکردہ رہنما بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے قونصلیٹ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب تارکینِ وطن کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے اور سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
سینئر صحافی سہیل وڑائچ اور دیگر مقررین نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔ تقریب میں دوستانہ اور خوشگوار ماحول قائم رہا، جہاں شرکاء نے مہمانوں سے تبادلۂ خیال کیا۔
پروگرام کا اختتام تحائف کی تقسیم اور بریگیڈیئر (ر) ارشد ملک کے شکریہ کے کلمات کے ساتھ ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض معروف کاروباری شخصیت خواجہ کامران نے انجام دیے۔