واشنگٹن (ویب ڈیسک )
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ سے ملاقات کی۔ ملاقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ’’امن کا داعی‘‘ قرار دیتے ہوئے عالمی تنازعات کے خاتمے کی ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کی بدولت پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی ممکن ہوئی جس سے خطے میں بڑے بحران سے بچا جا سکا۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے غزہ جنگ کے فوری خاتمے اور نیویارک میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کو امن مشاورت کے لیے اکٹھا کرنے پر صدر ٹرمپ کے اقدام کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے رواں سال طے پانے والے پاک-امریکا تجارتی ٹیرف معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی تعاون پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے کردار کی صدر ٹرمپ کی جانب سے کھلے عام تائید پر شکریہ ادا کیا اور سیکیورٹی و انٹیلی جنس کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو دورۂ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دی جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا۔












