وزیراعظم شہباز شریف سے قطری وزیرِ تجارت و صنعت کی ملاقات

پاک قطر اقتصادی تعلقات میں مزید فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (رانا علی ذوہیب )

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے ملاقات کی، جو پاکستان اور قطر کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے چھٹے اجلاس کی صدارت کے لیے اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔

 

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی مفادات کے متعدد شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کو مشترکہ ایمان، احترام اور باہمی اعتماد پر مبنی قرار دیتے ہوئے ان کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قطر کے مؤثر علاقائی کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، آئی ٹی، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں قطری سرمایہ کاروں کو وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے قطر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ حکومتِ پاکستان کے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کریں۔

 

قطری وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی آل ثانی نے قطری قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ JMC کا چھٹا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون کا جائزہ لینے اور نئی مشترکہ منصوبہ بندی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی و عالمی امور پر قطر کے مستقل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

دونوں فریقوں نے کاروبار سے کاروبار (B2B) تعلقات، سرمایہ کاری منصوبوں، اور مشترکہ اہداف کے عملی نفاذ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں