سنانواں(رانا علی ذوہیب )
بلغاریہ اور جاپان سے تعلق رکھنے والی دو غیر ملکی خواتین اسلام قبول کر کے شادی کے لیے کوٹ ادو پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے سنانواں سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں، عدنان گورمانی اور شعیب گشکوری سے شادی کے لیے بالترتیب بلغاریہ اور جاپان کی خواتین پاکستان آئیں۔
ذرائع کے مطابق بلغاریہ کی خاتون اسٹیفانُوا نے اسلام قبول کرنے کے بعد عدنان گورمانی سے نکاح کیا، جبکہ جاپانی خاتون ایشی موتو آکی نے اسلام قبول کر کے شعیب گشکوری سے شادی کی۔
اسلام قبول کرنے کے بعد اسٹیفانُوا کا نیا نام مریم اور ایشی موتو آکی کا نیا نام دعا فاطمہ رکھا گیا۔
دونوں خواتین نے مدرسہ جامعہ انوارالاسلام کوٹ ادو میں باقاعدہ طور پر اسلام قبول کیا، اور اسی مدرسے میں دونوں جوڑوں کا شرعی نکاح بھی انجام پایا۔
وکیل کے مطابق، نکاح کے قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے دونوں غیر ملکی خواتین اپنے اپنے ممالک واپس روانہ ہوگئیں، جہاں ضروری سفارتی اور دستاویزی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان نکاحوں کو سرکاری طور پر رجسٹرڈ کرایا جائے گا۔
سنانواں میں ان دونوں شادیوں کی خبریں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں، اور اہلِ علاقہ نے ان جوڑوں کے اسلام قبول کرنے اور نکاح پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔












