پاک سعودی دفاعی تعاون میں مزید توسیع پر اتفاق

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی ریاض میں اعلیٰ سطح ملاقاتیں

جدہ (عاطف خان تنولی )

چیف آف جنرل اسٹاف پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے ریاض میں سعودی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون، دفاعی اشتراک میں مزید بہتری، انٹروآپریبلٹی کے فروغ اور اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ (SMDA) کے تحت مشترکہ تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

دونوں ممالک کے فوجی قیادت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن، استحکام اور خود انحصاری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

ریاض میں پاکستان – سعودی عرب دوطرفہ دفاعی صنعتی فورم کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کی، جبکہ سعودی وفد کی قیادت اسسٹنٹ وزیر دفاع برائے ایگزیکٹو امور خالد البیاری نے کی۔

 

اجلاس میں جاری دفاعی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور سعودی ویژن 2030 کے تحت ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔

 

چیف آف جنرل اسٹاف نے سعودی دفاعی فورسز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون کے عزم کو دہرایا۔ سعودی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں، کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں