Author
لاہور (فدا محمد فدا )
لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پاکستان تحریکِ انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے۔
کیس کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں خصوصی انتظامات کے تحت ہوئی، جس کی صدارت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔ سماعت کے دوران یاسمین راشد کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اسی مقدمے میں اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے، لہٰذا موکلہ کو بھی ضمانت کا قانونی حق دیا جائے۔
عدالت نے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے اور دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد یاسمین راشد کی ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو 9 مئی کے تین مختلف مقدمات میں دس، دس سال قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں، جبکہ دیگر تین مقدمات میں درخواستِ ضمانت پر سماعت 27 نومبر کو ہوگی۔
اس کے علاوہ وہ جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج ہو چکی ہیں۔












