لاہور (فدا محمد فدا )
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کے متعلق بڑے اور سخت فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ ناقص کارکردگی رکھنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کیلئے مقرر کردہ KPIs کی سخت جانچ پڑتال کی گئی جبکہ صوبے بھر میں صفائی اور نظم و نسق کے معیار کا مکمل جائزہ پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی آزادانہ نگرانی کے لیے خفیہ ٹیمیں فوری طور پر بھیجی جائیں۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب کے متعدد نجی ٹھیکیداروں کی ناقص صفائی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ادائیگیاں فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ خراب صفائی والے شہروں میں کنٹریکٹ دوبارہ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
آوارہ کتوں کے کاٹنے، مین ہول میں گر کر اموات، بعض سرکاری ہسپتالوں میں فری میڈیسن کی عدم فراہمی اور مختلف شہروں میں غیر تسلی بخش صفائی کی صورتحال پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سخت سرزنش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، 40 سے 50 ارب روپے کی مشینری اور ڈیڑھ لاکھ فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر دکھائی دینا انتہائی افسوسناک ہے۔
اجلاس میں صوبے بھر کے لیے متعدد احکامات جاری کیے گئے جن میں ویسٹ انکلوژر کے گرد چاردیواری اور مکمل کور، کوڑے دانوں کو روزانہ دھونے، پارکنگ ایریاز، بازاروں، بس اسٹینڈز اور اڈوں کی مثالی صفائی، خطرناک لٹکتے بجلی کے تاروں کی فوری مرمت، تمام روڈز پر لین مارکنگ اور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مین ہول ڈھکن، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی کا سخت انتظام شامل ہے۔ سرکاری احکامات پر عمل نہ کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر جرمانے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے مستقل خاتمے اور غیرقانونی تعمیرات کی نگرانی کے لئے پورے پنجاب میں سی سی ٹی وی کیمروں سے 24/7 مانیٹرنگ کی جائے، جبکہ رش والی جگہوں پر آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیاں فوری ہٹائی جائیں اور مارکیٹ انتظامیہ سے تحریری یقین دہانی لی جائے۔ نئے پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن لازمی قرار دیا گیا جبکہ تمام ہائی ویز پر پٹرول پمپوں میں صاف ستھرے ٹوائلٹس یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
گرین بیلٹس کی مرمت، باقاعدہ شجرکاری، گھاس کی کاشت، مساجد کے وضوخانے کے پانی کا شجرکاری کیلئے استعمال، پبلک ٹوائلٹس کی مکمل صفائی اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی موثر دیکھ بھال کیلئے بھی احکامات جاری کیے گئے۔ شادیوں کے اختتام کا وقت رات دس بجے اور ون ڈش پالیسی کی مکمل پابندی کی ہدایت بھی اجلاس کے اہم نکات میں شامل رہی۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو خبردار کیا کہ مسلسل ناقص کارکردگی کی صورت میں دو وارننگز کے بعد تیسری بار متعلقہ افسر کو فوراً عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو مکمل اختیارات، فنانس اور سہولتیں فراہم کی گئیں، اب نتائج 100 فیصد درکار ہیں۔ پنجاب گڈ گورننس کے لحاظ سے دیگر صوبوں سے بہتر ہے مگر معیار کو نیکسٹ لیول پر لے جانا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ شہروں کی صفائی، فٹ پاتھوں کی حالت، سڑکوں کی پینٹنگ اور شہری ماحول کی خوبصورتی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسی لیے تمام اضلاع سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے براہ راست فیڈبیک لیا جا رہا ہے۔












