پیرس میں انڈونیشین فیشن شو، تخلیقی ملبوسات کی شاندار نمائش

Author

پیرس (منیر احمد ملک )

فیشن کے عالمی دارالحکومت پیرس میں انڈونیشین فیشن چیمبر کے تعاون سے ایچ وائی ایونٹ کے تحت شاندار “فرنٹ رو فیشن شو” کا انعقاد کیا گیا، جس میں انڈونیشیا کے نامور ڈیزائنرز نے شرکت کی اور اپنی نئی تخلیقات پیش کیں۔

اس شو میں نو انڈونیشین فیشن ڈیزائنرز نے اپنے تازہ ترین کلیکشن پیش کیے جن میں علی کرشمہ، ڈیڈن سسوانتو، ہاپ، پتری انجانی، رومہ کبایا، رومہ باٹک، ایف ایف ایف، نوویتا یونس اور اے ایم شامل تھے۔ جدید اور روایتی طرز کے امتزاج سے بنائے گئے ملبوسات نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔

خوبصورت شاہانہ ہال میں ماڈلز نے رنگ برنگے اور دیدہ زیب ملبوسات زیب تن کرکے ریمپ پر کیٹ واک کی، جسے دیکھ کر ناظرین دم بخود رہ گئے۔ تقریب میں سفارتکاروں، فیشن انڈسٹری، فلم اور ٹی وی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر سفیر انڈونیشیا برائے فرانس محمد عمر نے ڈیزائنرز کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ:

“پیرس دنیا کا فیشن کیپٹل ہے اور انڈونیشین ڈیزائنرز کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا کام بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکتا ہے۔”

شرکاء نے اس فیشن شو کو ایک یادگار اور شاندار تقریب قرار دیا جو طویل عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔

Author

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں