سابق ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمدپاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند

کراچی (رانا علی زوہیب )

ملائیشیا کے سابق وزیرِاعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین یہ رشتہ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مختلف شعبوں میں تعاون کی بنیاد پر قائم ہے۔

پاکستان، ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن (پی ایم ایف اے) کی چوتھی ایوارڈز تقریب 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر مہاتیر نے کہا کہ دونوں ممالک میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پی ایم ایف اے کے صدر شاہد جاوید قریشی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسوسی ایشن نے کاروباری حلقوں اور ماہرین کو یکجا کر کے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

ڈاکٹر مہاتیر نے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنی 100ویں سالگرہ پر ملنے والی دعاؤں اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مشترکہ وژن اور اعتماد کی بنیاد پر مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں رہیں گے۔

اس موقع پر صدر پی ایم ایف اے شاہد جاوید قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کی بزنس کمیونٹی کو تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں