آئمہ بیگ اور زین احمد کے درمیان علیحدگی کی افواہیں، شادی کی تصاویر انسٹاگرام سے غائب

لاہور (فدا محمد فدا )

مشہور گلوکارہ آئمہ بیگ اور ان کے فیشن ڈیزائنر شوہر زین احمد کے درمیان علیحدگی کی افواہیں ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئمہ بیگ نے حال ہی میں اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کر دیا ہے، جبکہ زین احمد نے اپنی انسٹاگرام پروفائل سے شادی کی تمام تصاویر حذف کر دی ہیں۔ ان تبدیلیوں کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کے درمیان مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں، جن میں علیحدگی کی افواہیں سب سے زیادہ زیرِ بحث ہیں۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2025 میں بھی ایسی ہی چہ مگوئیاں سامنے آئی تھیں جب زین احمد نے اچانک اپنی بیوی کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا تھا۔ تاہم اس وقت زین احمد نے وضاحت دی تھی کہ یہ صرف ایک تکنیکی خرابی کے باعث ہوا تھا اور تصاویر حذف نہیں ہوئیں بلکہ آرکائیو میں منتقل کی گئی تھیں۔

گلوکارہ آئمہ بیگ اور زین احمد نے اگست 2025 میں لاہور میں شادی کی تھی۔ ابھی شادی کو ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا کہ دونوں کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں ایک بار پھر منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

قبل ازیں، آئمہ بیگ اداکار شہروز شگری کے ساتھ منگنی میں منسلک تھیں۔ دونوں کی ملاقات فلم پرے ہٹ لو کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، تاہم ستمبر 2022 میں گلوکارہ نے شہروز شگری سے منگنی ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

اس کے بعد آئمہ بیگ اور فیشن برانڈ کے مالک زین احمد کے درمیان قربتوں کی خبریں میڈیا کی زینت بنیں۔ متعدد عوامی تقریبات اور سوشل میڈیا پوسٹس پر دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس سے ان کے رشتے کے حوالے سے قیاس آرائیاں زور پکڑتی رہیں۔

تاہم موجودہ صورتحال میں دونوں میں سے کسی نے بھی طلاق یا علیحدگی کے بارے میں باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں