’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کا کردار بولی وڈ کے خانز بھی نہیں نبھا سکتے، خلیل الرحمٰن قمر

کراچی (رانا علی ذوہیب )

پاکستان کے معروف ڈراما نگار اور ہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ مشہور ڈراما میرے پاس تم ہو میں ہمایوں سعید کا کردار اتنا طاقتور اور منفرد تھا کہ بولی وڈ کے تینوں خانز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان بھی اسے اتنی خوبی سے ادا نہیں کر سکتے تھے۔

 

تفصیلات کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر نے ایک تازہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں ڈرامہ میرے پاس تم ہو سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکاروں کے انتخاب اور کرداروں کی ادائیگی پر روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا اداکار وہ ہوتا ہے جو مکالمے کو پوری فطری سچائی کے ساتھ نبھائے، اور کردار میں ڈھل جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ “ہمایوں سعید نے اس کردار کو جس طرح نبھایا، وہ ان کے کریئر کی ایک نمایاں مثال ہے۔ حتیٰ کہ بولی وڈ کے معروف اداکار بھی اس کردار میں وہ شدت اور سچائی پیدا نہیں کر سکتے جو ہمایوں نے کی۔”

 

خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ یہ اصول ہر اداکار پر لاگو ہوتا ہے ہر کردار ہر شخص کے لیے موزوں نہیں ہوتا، کبھی کسی اور اداکار کے حصے کا کردار دوسرا بہتر نبھا جاتا ہے۔

 

ڈرامے میں اداکاروں کے انتخاب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اُس وقت وہ دو ناموں پر خاص طور پر اصرار کر رہے تھے ۔ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی۔

ان کے مطابق، اگرچہ انہوں نے اس سے قبل عدنان صدیقی کے ساتھ کام نہیں کیا تھا اور ابتدا میں انہیں اتنا بڑا اداکار نہیں سمجھتے تھے، لیکن جب کردار کی نوعیت دیکھی تو احساس ہوا کہ “مجھے ایسا شخص چاہیے جو امیر لگے، اس کے چلنے کے انداز سے وقار جھلکے، اور عدنان صدیقی اس کے لیے بہترین انتخاب تھے۔”

 

یاد رہے کہ ڈراما میرے پاس تم ہو 2019 میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہوا، جس نے پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں ریکارڈ توڑ مقبولیت حاصل کی۔ خلیل الرحمٰن قمر کی تحریر، ندیم بیگ کی ہدایت کاری اور ہمایوں سعید کی اداکاری نے اسے ایک یادگار تخلیق بنا دیا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں