منہاج یورپین کونسل کے زیرِاہتمام آنلائن تربیتی نشست اور ورکشاپ کا انعقاد

ڈینمارک (ویب ڈیسک )

اٹلی، ناروے، ڈنمارک، آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، نیدرلینڈز، سپین، سویڈن سمیت یورپ بھر سے شرکاء کی رجسٹریشن

ڈنمارک : منہاج یورپین کونسل کے زیرِاہتمام یورپ بھر میں نئے منتخب ہونے والے عہدیداران و زمہ داران کے اعزاز اور انہیں تنظیمی ڈھانچے، نظریات، اور حکمت عملی سے روشناس کروانے کے لئے صدر منہاج یورپین کونسل بلال اپل کی زیرِصدارت آنلائن تربیتی نشت کا انعقاد کیا گیا۔نشست میں اٹلی، ناروے، ڈنمارک، آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، نیدرلینڈز، سپین، سویڈن، سویٹزرلینڈ اور پرتگال سمیت یورپ بھر سے 300 سے زائد شرکاء نے رجسٹریشن کرائی۔

تربیتی نشست میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر اپنی آراء پیش کیں، جن میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ممبران کی تربیت کے لئے مزید مواقع فراہم کرنے اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے جدید اور مؤثر طریقے اختیار کرنے کے حوالے سے تجاویز شامل تھیں۔ نشست میں مختلف شعبوں کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیمی، سماجی، دعوتی، اور فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی۔ ڈنمارک سے صدر منہاج یورپین کونسل بلال اپل نے اس ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تربیتی پروگرامز تنظیم کی ترقی اور فروغ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی کامیابی کا راز اس کے کارکنان کی انتھک محنت اور ان کی بہترین تربیت میں مضمر ہے۔ ناروے سے سیکرٹری جنرل منہاج یورپین کونسل اویس اعجاز کا کہنا تھا کہ یہ آنلائن تربیتی نشستیں اور ورکر کنونشنز منہاج القرآن کے کارکنان کو تنظیم کے مقاصد اور کام کے بارے میں مزید آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان پروگرامز کے ذریعے کارکنان کو اپنے فرائض کو بہتر طریقے سے نبھانے کی تربیت ملتی ہے اور ان کی تنظیم کے ساتھ وابستگی میں اضافہ ہوتا ہے۔اس موقع پر خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے اسپین سے بشریٰ ریاض کا شرکاء سے کہنا تھا کہ ہم سب مل کر خواتین کے حقوق، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبے میں اہم تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ ہالینڈ سے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر مرزا کا کہنا تھا کہ واضح اور قابلِ حصول مقاصد کے لئے باقاعدگی سے تربیت اور ورکشاپس کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ کارکنان کی مہارتیں بہتر ہوں اور وہ جدید رجحانات سے واقف رہیں.

آخر میں ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے پوری دنیا میں مقیم منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان سمیت تمام امتِ مسلمہ بلخصوص پاکستان، فلسطین اور کشمیر کی سلامتی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کی صحت، تندرستی اور ان کی لمبی عمر کے لئے دعا فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں