لاہور (فدا محمد فدا)
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر) کی 60ویں برسی پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
1965 کی جنگ میں میجر عزیز بھٹی نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر میں پانچ دن اور پانچ راتوں تک دشمن کے لگاتار حملوں کے خلاف آہنی دیوار بن کر دفاع کیا۔ ان کی جرات، قیادت اور عزم نے سپاہیوں کو نیا حوصلہ دیا اور دشمن کی پیش قدمی کو روکنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ان کی قربانی جنگِ ستمبر کی تاریخ میں بہادری اور حب الوطنی کی ایک روشن مثال بن گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عزیز بھٹی شہید کی قیادت اور فرض کے ساتھ بے مثال لگن آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں اور پوری قوم ان کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ میجر عزیز بھٹی شہید کے جذبے اور عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گی۔