ویانا (محمد عامر صدیق )
منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام دین اسلام کی بقاء کے لئے شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں شہیدان کربلا کانفرنس مورخہ 21 جولائی 2024 ء بروز اتوار شام پانچ بجے منعقد ہوئی جس میں ویانا بھر سے ہر مکتبہ فکر کے علاوہ منہاج القرآن آسٹریا کے عہدیداران، منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، رفقاء اور وابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عمران علی مغل نے بخوبی سر انجام دیے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھنے کی سعادت یورپ کے مشہور نعت خواں ہارون قیوم صدر نعت کونسل ناروے اور حاجی اکبر علی نے حاصل کی۔ مختصر خطاب نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے اپنے خصوصی خطاب میں کربلا کے شہداء پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر خصوصی خطاب ناروے سے ائے ہوئے مہمان علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القران اسلامک سینٹر ناروے نے محرم الحرام کے حوالہ سے شہدائے کربلا پر تفصیلی خطاب کیا۔انہوں نے ’’محبت اہل بیت اطہار‘‘کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عالم انسانیت کو اخوت و محبت کا عظیم درس دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کو حق و صداقت کی طرف دعوت دی لیکن معاشرے کی اصلاح و تربیت کے صلے میں انہوں نے کسی فرد سے بھی کسی انعام کا تقاضا نہیں کیا بلکہ صرف اپنے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم اور قرابت داروں محبت کا درس دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے محبت کرنے والوں کو اپنے ساتھ جنت میں لے جانے کا وعدہ بھی فرمایا۔ مزید ان کا کہنا تھا۔ کہ اہل بیت اطہار کی محبت ہمارے ایمان کا بنیادی جز ہے، ان نفوس قدسیہ سے محبت کرنا نہ صرف حکم قرآنی بلکہ عقیدہ صحیحہ اور مسلمان کی پہچان بھی ہے۔ معرکہ کربلا تاریخ اسلام کا وہ عظیم باب ہے جو حسینی اور یزیدی کردار کے مابین تمیز کرنا سکھاتا ہے۔ دیار غیر میں رہتے ہوئے شہدائے کربلا کی یاد میں محافل سجانا بڑا مبارک اور باعثِ ثواب عمل ہے، اس کے ساتھ ہمیں اپنے اندر حسینی کردار بھی پیدا کرنا ہوگا۔ جو آج وقت کی اہم ضرور ت ہے۔ کانفرنس کے بہترین انتظام و انصرام کےلیے ایگزیکٹو منہاج القرآن، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج ویلفیئر نے اہم کردار ادا کیا۔ محفل کے اختتام پر ہارون قیوم صدر نعت کونسل ناروے و شہریار خان نے تمام لوگوں کے ساتھ مل کر سلام کا نذرانہ پیش کیا اور علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القران اسلامک سینٹر ناروے اور نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے دعائیں فرمائی۔بعداز بانی و سرپرست اعلیٰ آسٹریا منہاج القرآن انٹرنیشنل الحاج خواجہ نسیم،نے باقاعدہ طور پر نئے منتخب ہونے والے صدر حفیظ اللہ قادری، جنرل سیکرٹری، سلمان بھٹی اور فائننس سیکٹری،چوہدری ارشد کو مبارکباد پیش کی اور تمام لوگوں کا تمام عہدے داران اور ممبران کی جانب سے شہدائے کربلا کانفرنس میں انے کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پر شرکاء کانفرنس کے لیے لنگر حسینی کا بھرپور انتظام تھا