اٹلی کے عظیم فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی انتقال کر گئے

روم (ویب ڈیسک )

عالمی شہرت یافتہ اطالوی فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ارمانی گروپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ ہم اپنے بانی، رہنما اور ادارے کے متحرک محرک جارجیو ارمانی کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ اپنے اہلکاروں اور ساتھیوں کے نزدیک ’سنیور ارمانی‘ کے طور پر احترام اور عقیدت سے یاد کیے جاتے تھے۔ وہ اپنے پیاروں کے درمیان پُرسکون انداز میں دنیا سے رخصت ہوئے۔”

گروپ کے مطابق جارجیو ارمانی آخری ایام تک مسلسل کام کرتے رہے۔ ان کی یاد میں 6 اور 7 ستمبر کو میلان میں Armani/Teatro (وایا برگونونے 59) میں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک تعزیتی ریفرنس اور عوامی حاضری کے لیے انتظامات کیے جائیں گے، تاہم ان کی وصیت کے مطابق تدفین کی تقریب نجی طور پر منعقد ہوگی۔ میلان میں سوگ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

صدر اٹلی کا خراجِ عقیدت

اٹلی کے صدر سرجیو ماتّرلا نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں صدر نے کہا:

“جارجیو ارمانی فیشن اور انداز کے عظیم استاد اور دنیا بھر میں اطالوی ذہانت کی علامت تھے۔ وہ ایک سادہ، مگر بے حد تخلیقی شخصیت کے مالک تھے۔ کئی دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں انہوں نے بین الاقوامی سطح پر خوبصورتی اور نفاست کے معیار کو از سرِ نو متعین کیا۔ ان کی باریک بینی، معیار پر توجہ اور تخلیقی جدت نے نسلوں کے ڈیزائنرز کو متاثر کیا۔

’’ری جارجیو‘‘ کا سفر”

جارجیو ارمانی کو دنیا بھر میں “ری جارجیو” (فیشن کا بادشاہ) کہا جاتا تھا۔ تقریباً 50 سال قبل انہوں نے صرف 1 کروڑ اطالوی لیرا کی سرمایہ کاری سے آغاز کیا، اور آج ان کی فیشن ایمپائر کی مالیت 4 ارب یورو سے تجاوز کر چکی ہے۔

ان کے برانڈ نے 2022 میں 2.35 ارب یورو کی آمدن ریکارڈ کی، جبکہ ریٹیل ویلیو کے حساب سے 6.5 ارب یورو تک کاروبار کا حجم رہا۔

صحت کے مسائل اور آخری دن

91ویں سالگرہ سے قبل انہیں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑا اور جون 2025 کی کلیکشن شو میں وہ شریک نہ ہو سکے۔ اس سے پہلے 2024 میں بھی وہ طبی مسائل کے باوجود فیشن شوز میں شریک ہوئے تھے۔

چند دن قبل ہی انہوں نے اپنی 50 ویں سالگرہ کی کلیکشن کے ڈیزائنز خود منظور کیے تھے، جو آنے والی فیشن ویک میں پیش کیے جانے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’’لا کپانینا‘‘ نامی تاریخی مقام بھی خریدا تھا جسے انہوں نے اپنی زندگی سے جڑی یادگار قرار دیا تھ

عالمی فیشن و فنون پر اثرات

ہالی وُڈ سے لے کر یورپ تک بے شمار اسٹارز نے ’’ریڈ کارپٹ‘‘ پر جارجیو ارمانی کے تخلیق کردہ ملبوسات پہنے۔

رچرڈ گیئر کی فلم American Gigolo (1980) میں ارمانی کے ڈیزائن نے ایک نئی فیشن لہر کو جنم دیا۔

جان ٹراوولٹا نے کہا کہ ارمانی کی بدولت وہ “امریکہ کا سب سے خوش لباس انسان” قرار پائے۔

جارج کلونی نے کہا: “جب میں نے لغت میں لفظ کلاس دیکھا تو وہاں مجھے ارمانی کا نام نظر آیا۔”

انہوں نے نہ صرف فیشن بلکہ سینما کیلئے بھی ملبوسات تیار کیے، جن میں برناردو برتولوچی، جوسیپے تورناتورے اور پاولو سورینتینو کی فلمیں شامل ہیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں