روم (ویب ڈیسک )
روم کے علاقے کاسال ڈیل مارمو کی نابالغوں کی جیل میں سالگرہ کی تقریب کے دوران منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے چپس کے پیکٹس سے 47 گرام چرس برآمد کر لی جو قیدیوں میں بطور تحفہ تقسیم کرنے کے لیے چھپائی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق 5 اور 6 ستمبر کی درمیانی شب ایک کم عمر قیدی کی 18ویں سالگرہ تھی۔ اس موقع پر اس نے اپنی ساتھی خاتون سے فرمائش کی کہ وہ اس کے لیے پنیر والے چپس لے کر آئے۔ خاتون متعدد پیکٹس جیل میں لے کر پہنچی، جو بظاہر سالگرہ کی خوشی کا تحفہ معلوم ہوتے تھے۔ تاہم جیل کے عملے نے مشکوک جانتے ہوئے ان کی باریک بینی سے تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران ہر پیکٹ میں چپس کے درمیان چرس کی چھوٹی چھوٹی مقداریں چھپائی گئی تھیں، جنہیں نہایت مہارت سے پیک کر کے گویا “سالگرہ کی بمبونیئرہ” بنا دیا گیا تھا تاکہ دیگر قیدیوں میں تقسیم کی جا سکے۔
خاتون کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے گھریلو نظر بندی میں رکھا گیا ہے، اور اگلے ہی روز اس کے خلاف فوری سماعت (ritto direttissimo) متوقع ہے۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل بھی اسی جیل میں چپس کے پیکٹس میں منشیات چھپانے کی ایک اور کوشش ناکام بنائی گئی تھی۔