پاکستانی کمیونٹی کے لیے فخر کا لمحہ، اٹلی میں نئی تاریخ رقم
روم (راجہ ذوالفقار علی )
اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کے معروف سماجی شخصیت چوہدری شبیر (ناپولی) کی صاحبزادی نے اٹالین پولیس فورس میں شمولیت اختیار کر کے تاریخ رقم کردی ہے۔ اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بین الثقافتی روابط کی مضبوطی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، چوہدری شبیر، جو کہ کئی عشروں سے اٹلی میں مقیم ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہیں، کی بیٹی نے سخت مقابلے کے امتحانات اور تربیتی مراحل میں کامیابی حاصل کر کے اٹالین پولیس کی وردی زیب تن کی ہے۔ یہ قدم نوجوان نسل کے لیے ایک اعزاز اور قابل تقلید مثال ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف پاکستانی نژاد خاندان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ اٹلی کی متنوع اور جامع معاشرے میں پاکستانی شہریوں کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ چوہدری شبیر کی بیٹی کی یہ کامیاب کہانی اس بات کی غماز ہے کہ ہمت، لگن اور نیک نیتی سے ہر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر چوہدری شبیر نے اپنی بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے خاندان کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی برادری کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی نے ثابت کیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور عزم پختہ ہو تو کوئی بھی عہدہ اور خدمت کا میدان چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی بیٹی کی خدمات سے نہ صرف اٹالین معاشرے میں امن و امان قائم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بھی یہ ایک مشعل راہ ثابت ہوں گی۔
یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان نہ صرف اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں روشناس کرا رہے ہیں بلکہ ان ممالک کی ترقی اور استحکام میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں جہاں وہ مقیم ہیں۔ چوہدری شبیر کی بیٹی کی یہ کامیابی یقیناً آنے والی نسل کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔