اٹلی میں ملازمین کے حقوق سے متعلق اہم عدالتی فیصلہ

میلان (راجہ ذوالفقار علی )

اٹلی کی عدالتِ استیناف میلان نے ملازمین کے حقوق کے سلسلے میں ایک تاریخی اور فیصلہ کن حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق کام کے دوران اگر کوئی ملازم آجر کے غیر مناسب رویّے، ذہنی دباؤ، کام کے غیر منصفانہ بوجھ یا ناانصافی کے خوف کے باعث اپنی قانونی شکایت درج نہیں کر پاتا، تو اس مدت کے دوران دعویٰ کی میعاد منجمد تصور کی جائے گی۔

 

عدالت نے قرار دیا کہ جب تک ملازم اپنی ملازمت کھونے کے خوف یا آجر کے دباؤ کے زیرِ اثر کام پر موجود ہے، اُس کے قانونی حقِ دعویٰ کی prescrizione (مدتِ میعاد) نہیں چلے گی۔ اس کا آغاز تب ہوگا جب ملازم نوکری چھوڑ دے گا، یا جب وہ اس خوف سے آزاد ہو جائے گا۔

 

قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ان ہزاروں ملازمین کے لیے بڑی کامیابی ہے جو برسوں سے ذہنی دباؤ، بدسلوکی، اضافی غیر ادا شدہ کام یا منفی رویّوں کا سامنا تو کرتے رہے لیکن ملازمت بچانے کے لیے اپنی شکایات سامنے نہ لا سکے۔

 

فیصلے کے بعد وہ تمام متاثرہ ورکرز، جنہوں نے ماضی میں خود کو مجبور اور بے بس محسوس کیا، اب اپنی ملازمت چھوڑنے کے بعد بھی ناانصافی کے خلاف دعویٰ دائر کر سکیں گے۔

 

محنت کش تنظیموں نے اس عدالتی حکم کو ’’کاروباری دنیا میں طاقت کے غلط استعمال کے خلاف اہم رکاوٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ملازمین کو ذہنی دباؤ کے دوران خاموش رہنے کی سزا نہیں ملے گی۔

 

یہ فیصلہ مستقبل میں اٹلی کے لیبر لاز اور ورک پلیس پروٹیکشن قوانین پر بھی گہرا اثر ڈالنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں