روم: پاکستانی چونسہ مینگو(آم) فیسٹیول کا انعقاد

روم (راجہ ذالفقار علی)

پاکستان سفارتخانہ روم اور Frigidarium کے اشتراک سے پاکستانی چونسہ مینگو فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ اطالوی عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی آموں کے ذائقے کو بے حد سراہا۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان علی جاوید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان سے چونسہ آم بھیجے گئے جو اطالوی حکومت، وزیراعظم اور مختلف اداروں کے نمائندوں کو تحفے میں پیش کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چونسہ آم پاکستان کی پہچان ہے اور Frigidarium، جو روم کی صفِ اول کی جلیٹریا ہے، نے پاکستانی آموں سے تیار کردہ آئس کریم کو غیر معمولی پذیرائی بخشی۔ سفیر کے مطابق ادارے نے آئندہ سال بھی چونسہ آموں سے آئس کریم تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
تقریب کے دوران سفیرِ پاکستان علی جاوید نے بتایا کہ 15 ستمبر کو روم میں پاکستان اور اٹلی کے مابین 7 مئی کو اسلام آباد میں سائن ہونے والے ایم او یو کے تحت پہلی جوائنٹ ورکنگ گروپ کی میٹنگ ہوگی۔ اس موقع پر Frigidarium پاکستانی آموں سے تازہ آئس کریم تیار کرکے مہمانوں کو پیش کرے گا۔ مزید برآں پاکستانی کینو، زعفران اور اخروٹ بھی آئندہ اطالوی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

یہ مینگو فیسٹیول ان تقریبات کی ایک کڑی ہے جو سفارتخانہ پاکستان اٹلی کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اطالوی سول سوسائٹی کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں۔

اس سے قبل 13 اگست کو سفیر پاکستان کا ایک تفصیلی انٹرویو اطالوی جریدے Scenario Internazionale میں شائع ہوا تھا جس میں پاکستان کی اندرونی اور بیرونی پالیسیوں کی مثبت پیش رفت اور بھارت کے ساتھ چار روزہ جنگ میں فتح کے بعد کے حالات کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان علی جاوید نے کہا کہ ہر سال اس فیسٹیول کے ذریعے اطالوی عوام کو پاکستانی آموں کا منفرد ذائقہ چکھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، اور یہ پاکستان کی نرم طاقت (Soft Power) کو اجاگر کرنے کی ایک کامیاب کاوش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں