روم (راجہ ذوالفقار علی )
اٹلی میں مقیم کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے حکومت نے ایک نئی سہولت متعارف کرائی ہے۔ “Carta Dedicata a Te 2025” کے نام سے ایک خصوصی کارڈ جاری کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے اہل خاندان روزمرہ کی ضروری غذائی اشیاء خرید سکیں گے۔
یہ سہولت ان تمام خاندانوں کے لیے مخصوص ہے جن کا ISEE (آمدنی کا سرٹیفکیٹ) 15 ہزار یورو یا اس سے کم ہے، اور جن کے تمام افراد قومی آبادیاتی رجسٹر (Anagrafe) میں درج ہیں۔ تاہم وہ خاندان جو پہلے سے ADI (Assegno di inclusione)، RdC (Reddito di cittadinanza)، Carta Acquisti، NASpI، DIS-COLL یا دیگر بے روزگاری الاؤنس وصول کر رہے ہیں، اس کارڈ کے اہل نہیں ہوں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس کارڈ کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ INPS (ادارہ برائے سماجی تحفظ) خودکار طور پر اہل خاندانوں کی فہرست تیار کرے گا اور 11 ستمبر 2025 تک یہ فہرست بلدیہ جات کو فراہم کر دی جائے گی۔ بلدیہ جات کے پاس 30 دن کا وقت ہوگا تاکہ وہ اہل خاندانوں کی تصدیق کر سکیں۔ بعد ازاں اہل افراد Poste Italiane کے ذریعے فراہم کردہ Postepay پری پیڈ کارڈ اپنے مقامی پوسٹ آفس سے وصول کر سکیں گے۔
کارڈ پر موجود رقم کی مالیت 500 یورو فی خاندان ہوگی۔ اس کا پہلا استعمال لازمی طور پر 16 دسمبر 2025 تک ہونا چاہیے، ورنہ کارڈ منسوخ ہو جائے گا۔ جبکہ رقم 28 فروری 2026 تک مکمل خرچ کرنا ہوگی۔
حکومت نے اس اسکیم کے لیے 500 ملین یورو کا بجٹ مختص کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں 11 لاکھ 57 ہزار سے زائد کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔