روم: پاکستانی سفارتخانے میں اہم کمیونٹی ایونٹ کا انعقاد

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے تقریب میں خصوصی شرکت کی 

روم (راجہ ذوالفقار علی )

پاکستانی سفارتخانہ روم میں ایک اہم کمیونٹی ایونٹ منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، چوہدری سالک حسین نے خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب اُن کے اٹلی کے دوطرفہ دورے کے دوران منعقد کی گئی، جس میں مارکۂ حق اور یومِ دفاع پاکستان کی یاد تازہ کی گئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا.

قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈائسپورا کی تعداد تقریباً 3 لاکھ ہے جو ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے اپنے خطاب میں مارکۂ حق کی اہمیت کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا اور کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ تقریب میں شہدائے مارکۂ حق اور حالیہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔ وفاقی وزیر نے قونصلر سیکشن کا بھی دورہ کیا اور کمیونٹی ممبران سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد، پوپ اور اٹالین افراد میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں. انہوں نے پولیس خدمت مرکز (PKM) کے قیام کے لیے کوششیں دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی اور نادرا کاؤنٹرز کی بحالی پر سفارتخانے کے اقدام کو سراہا۔ تقریب میں کمیونٹی ممبران، طلبہ، تاجروں اور صحافیوں سمیت 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں