بریشیا: چوہدری سالک حسین کی میئر سے ملاقات، پاکستانی کمیونٹی سے ٹاؤن ہال خطاب

بریشیا (راجہ ذوالفقارعلی )

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، چوہدری سالک حسین نے پہلی بار اٹلی کے شہر بریشیا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہر کی میئر لورا کاسٹیلیتی سے ملاقات کی اور بعد ازاں مقامی پاکستانی کمیونٹی سے ٹاؤن ہال اجلاس میں خطاب کیا۔ یہ دورہ ان کے چار روزہ اٹلی کے سرکاری دورے کا حصہ تھا، جس کے دوران انہوں نے روم میں اٹلی کے وزرائے داخلہ اور محنت سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

میئر بریشیا کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تعلیم، ٹیکنالوجی اور اسکل ٹرانسفر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے امور زیر بحث آئے۔

بعد ازاں ٹاؤن ہال اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شمالی اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری براعظم یورپ میں سب سے بڑی کمیونٹی ہے جو ہر سال ایک ارب ڈالر سے زائد زرِمبادلہ پاکستان بھیجتی ہے۔ انہوں نے تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کی پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے “معاشی سفیر” کے طور پر کردار ادا کریں، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کو اجاگر کریں اور پاکستانی مارکیٹ کو اطالوی سرمایہ کاروں سے جوڑنے میں معاون بنیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں