اٹلی کی تاریخ میں پہلی سری لنکن نژاد خاتون نے جج بننے کا اعزاز حاصل کر لیا

روم (راجہ ذوالفقار علی )

اٹلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سری لنکن نژاد خاتون کو جج بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 29 سالہ بلانکنی ویلا فرنانڈو ورناکولا سوریہ نے 25 ستمبر 2025 کو شہر پالیرمو میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں آئین پر حلف اٹھایا اور عدالتی ڈھانچے (Magistratura) کا باضابطہ حصہ بن گئیں۔

یہ سنگ میل نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ اٹلی میں ہجرت، محنت اور امید کی کہانیوں کی بھی ایک شاندار مثال ہے۔ بلانکنی ویلا نے عدالتی مقابلے کے سخت امتحانات کامیابی سے پاس کیے، جس کے بعد انہیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا۔ حلف برداری کے بعد وہ عدالتی تربیتی مرحلے کا آغاز کریں گی۔

اطالوی میڈیا کے مطابق یہ لمحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خواب اور لگن سرحدوں سے بالاتر ہیں۔ یہ کارنامہ نہ صرف ان کی قابلیت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ تارکین وطن کی نئی نسل اٹلی میں سماجی و قانونی میدانوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پالیرمو میں ہونے والی اس تقریب کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں بلانکنی ویلا کی کامیابی نے سری لنکن کمیونٹی سمیت تمام تارکین وطن کے لیے حوصلہ افزائی اور امید کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں