روم (راجہ ذوالفقار علی )
اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے اطالوی کرکٹ فیڈریشن (ICF) کی صدر ماریہ لورینا ہاز پاز کا سفارتخانے میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سفیر نے اٹلی کی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ یاد رہے کہ اٹلی (رینک 28) نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے فائنل میں نیدرلینڈز (رینک 13) کو شکست دی تھی اور اس سے قبل اسکاٹ لینڈ (رینک 14) کو بھی ہرایا تھا۔
سفیر نے اطالوی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور ICF کی بھرپور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کا فروغ دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ICF کی صدر نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے شعبے میں باضابطہ دوطرفہ تعاون کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور اطالوی ٹیم میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی شمولیت کو دوستی کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔
ملاقات میں آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں تکنیکی و تربیتی تعاون، کھلاڑیوں کی فٹنس اور ہائی پرفارمنس پروگرام، پری ڈپارچر کیمپس، اور مرد و خواتین ٹیموں کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔
سفیر علی جاوید نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے ICF کی صدر کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی پیش کی اور پی سی بی کا یادگاری تحفہ دیا۔ صدر ICF نے دعوت پر شکریہ ادا کیا اور چیئرمین پی سی بی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات 2 اکتوبر 2025 کو پاکستانی سفارتخانہ روم میں منعقد ہوئی۔