یورپی یونین میں 9 اکتوبر سے فوری بینک ٹرانسفر اور نام–IBAN تصدیق کا نیا نظام نافذ

بینک اور پوسٹ آفس اب صارفین کو فوری ادائیگی کی سہولت دینے اور نام کی جانچ کے پابند ہوں گے

روم (راجہ ذوالفقار علی )

یورپی یونین کے تحت 9 اکتوبر 2025 سے بینکوں اور پوسٹل سروسز میں فوری بینک ٹرانسفر (Instant Payments) کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے تحت تمام بینک اور پوسٹ آفس اپنے صارفین کو یہ سروس فراہم کرنے اور وصول کنندہ کے نام اور IBAN نمبر کی مطابقت (Verification) کو یقینی بنانے کے پابند ہوں گے۔

اطالوی مرکزی بینک (Banca d’Italia) کے مطابق، یہ سہولت خاص طور پر ان ادائیگیوں کے لیے مفید ہوگی جو فوری نوعیت کی ہوں، جیسے آن ڈیمانڈ آن لائن سروسز (مثلاً فلم دیکھنے کی ادائیگی)، افراد کے درمیان لین دین (مثلاً استعمال شدہ گاڑی کی خرید و فروخت) یا دکانوں میں بڑی رقم کی خریداری جہاں کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی حد پوری ہو چکی ہو۔

یاد رہے کہ پہلا مرحلہ 9 جنوری 2025 سے نافذ ہوا تھا، جس میں بینکوں کو صرف فوری ادائیگیاں وصول کرنے اور ان پر روایتی ٹرانسفر کے برابر یا کم فیس وصول کرنے کا پابند بنایا گیا تھا۔

نئے ضوابط کے مطابق، جب صارف فوری ٹرانسفر کرے گا تو بینک کو وصول کنندہ کے نام اور IBAN نمبر کا خودکار ملاپ (Name-IBAN Match) کرنا ہوگا تاکہ کسی بھی قسم کی غلطی یا فراڈ کو کم سے کم کیا جا سکے۔ یہ عمل 10 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں مکمل ہوتا ہے اور ادائیگی واپس نہیں لی جا سکتی، اس لیے صارفین کو آرڈر درج کرتے وقت خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اگر کسی فراڈ یا دھوکہ دہی کا معاملہ پیش آئے تو صارف کو فوری طور پر بینک کو مطلع کر کے رِفنڈ کی درخواست دینے کا حق حاصل رہے گا۔

یورپی بینکنگ ایسوسی ایشن (ABI) کے مطابق، یہ نیا نظام اُن ممالک کے بینکوں پر بھی لاگو ہوگا جو یورو زون کا حصہ نہیں ہیں، اور دیگر مالیاتی ادارے (جیسے الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز اور پیمنٹ انسٹی ٹیوشنز) پر یہ ضابطہ 9 اپریل 2027 سے بتدریج نافذ کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق، یہ اقدام ادائیگیوں کے نظام کو تیز، محفوظ اور فراڈ سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں