نشہ سے متعلق تنازعہ جان لیوا تصادم میں بدل گیا، ملزم پر قتل کا مقدمہ متوقع
روم (راجہ ذوالفقار علی )
اٹلی کے ساحلی علاقے اوسٹیا (Ostia) میں 19 سالہ نوجوان کو سڑک پر چاقو کے وار سے زخمی کرنے کے بعد وہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعہ بدھ 15 اکتوبر کی شب Via Antonio Forni پر پیش آیا، جو مقامی طور پر منشیات فروشی کے لیے بدنام گلی سمجھی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان کو جھگڑے کے دوران ٹانگ پر چاقو مارا گیا، جس سے اس کی فیمرل آرٹری (Femoral Artery) کٹ گئی اور وہ بری طرح خون بہانے لگا۔ زخمی کو فوری طور پر اوسٹیا کے گراسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے سان کیمیلو اسپتال روم منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے نازک آپریشن کیا لیکن زخموں کی شدت کے باعث نوجوان اگلے روز، جمعرات 16 اکتوبر کی شب 9 بجے کے قریب دم توڑ گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق جھگڑا نشہ اور پولیس چیکنگ سے متعلق تنازعے پر شروع ہوا۔ موقع پر موجود چند افراد کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی، ہاتھا پائی ہوئی اور بعد ازاں چاقو نکالے گئے۔ ایک حملہ آور نے نوجوان پر وار کیا اور اسے خون میں لت پت سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
عینی شاہدین کی اطلاع پر 118 کی ریسکیو ٹیم اور کارابینیری (Carabinieri) موقع پر پہنچے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور گواہوں سے بیانات ریکارڈ کیے۔ اس مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں، تاہم تفتیشی ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو واقعے میں ملوث افراد کے بارے میں واضح سراغ مل چکا ہے۔
متوفی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جبکہ حملہ آور پر قتل کے الزامات عائد کیے جانے کا امکان ہے۔