نومینتانا روڈ پر بس کی زد میں آ کر 69 سالہ خاتون جاں بحق، تین دن بعد اسپتال میں دم توڑ گئی
روم (راجہ ذوالفقار علی )
اٹلی کے دارالحکومت روم میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 69 سالہ خاتون لاورا فیاسکونارو (Laura Fiasconaro) جاں بحق ہو گئیں۔
یہ حادثہ بدھ کی سہ پہر ویا نومینتانا (Via Nomentana) کے علاقے پیاتزا بولونیا کے قریب پیش آیا، جہاں وہ ایک عوامی بس کی زد میں آ گئیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ 15 اکتوبر کو تقریباً شام 4:30 بجے پیش آیا، جب اٹاچ (ATAC) کمپنی کی لائن 82 کی بس ویا دی سانتا کوستانزا اور ویالے XXI اپریل کے چوراہے پر خاتون سے ٹکرا گئی۔
زخمی خاتون کو فوری طور پر ریسکیو عملے نے تشویشناک حالت میں پولی کلینکو امبرتو اول (Policlinico Umberto I) اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ تین روز زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد ہفتے کے روز چل بسیں۔
حادثے کی تحقیقات روم کی مقامی پولیس (Polizia Locale di Roma Capitale) کے گروپ II ساپینزا (Sapienza) یونٹ کے اہلکار کر رہے ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور بس ڈرائیور کو معمول کے مطابق الکحل اور منشیات کے ٹیسٹ کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔
تحقیقات میں مدد کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کی درست وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔