میلان: پاکستانی کمیونٹی کی کاوش سے کرکٹ اسٹیڈیم منظور، 21 ستمبر کو افتتاح ہوگا

میلان (ندیم شوکت )

پیولٹیلو، میلان میں پاکستانی کمیونٹی کی کوششوں سے ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ پاکستانی نوجوانوں کے لیے حکومت سے کھیلوں کے میدان میں کرکٹ اسٹیڈیم کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے، جس کا افتتاح 21 ستمبر کو صبح ساڑھے گیارہ بجے کیا جائے گا۔

پاکستانی کمیونٹی کے رہنما چوہدری گلزار احمد دوچھہ اور ایڈووکیٹ غلام عباس شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آج قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میلان میں پاکستانی قونصل جنرل مراد بصیر اور ڈپٹی قونصل جنرل ولید اقبال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں اسٹیڈیم کے افتتاح میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

محترم قونصل جنرل مراد بصیر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس اہم موقع پر لازمی شرکت کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یہ اقدام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اٹلی کے دیگر شہروں میں بھی پاکستانی کمیونٹی کے رہنما اپنی برادری اور نوجوان نسل کے لیے اسی طرح کے مثبت اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ “ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے،”

چوہدری گلزار احمد دوچھہ اور سید غلام عباس شاہ ایڈووکیٹ نے بھی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر شہر میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے اور اپنی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں