ریمنی اور راوینا شدید طوفانی بارش کی لپیٹ میں، 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں، ٹرین سروس معطل

روم (راجہ ذوالفقار علی )

اٹلی کی کوسٹل رومانیولا، خصوصاً ریمنی اور راوینا کے ساحلی علاقے آج صبح ایک شدید نوبفراگیو (طوفانی بارش) کی زد میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق تیز بارش اور 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہواؤں نے علاقے کو متاثر کیا۔ بیلاریا میں ہوا کی رفتار 122.3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔صرف چند منٹ میں 70 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی جس سے کئی علاقے زیرِ آب آگئے۔
ریمنی میں پانچ انڈر پاس پانی میں ڈوب گئے، ایک میں گاڑی بھی پھنس گئی۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل پانی کے اخراج اور سڑکوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔

ساحلوں پر نصب چھتریاں اور شیڈز تباہ ہوگئے۔بیچ ریزورٹس میں کرسیاں اور لیٹنے والے بیڈ اُڑ کر الٹ گئے۔ریمنی سے ایجیا مارینا کے درمیان ریجنل ٹرین سروس معطل ہے۔

ایک ٹرین پر درخت گرنے سے مسافروں کو ہنگامی طور پر اُتارا گیا۔ہائی اسپیڈ ٹرین سروس معمول کے مطابق جاری ہے۔

راوینا، چرویا، چیزناتیکو، گاتیو اور سان ماورو پاسکولی میں بھی درخت گرنے، بجلی کی لائن ٹوٹنے اور سڑکوں کے بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔ایک کیمپنگ سائٹ میں بنگلہ پر درخت گرنے سے نقصان ہوا۔
چرویا کے میئر میٹیا مسیرو لی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محتاط رہیں۔خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں