اوورسیز پاکستانی خاتون سے غیر قانونی رویہ، دو پولیس اہلکار گرفتار

Author

لاہور میں کھلی کچہری کے دوران ایک اوورسیز پاکستانی خاتون کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
شکایت کے مطابق باوردی اہلکاروں نے ڈرائیونگ سیکھتی ہوئی خاتون کی گاڑی روک کر غیر ضروری سوالات کیے اور نامناسب رویہ اختیار کیا۔ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے اے ایس پی ڈیفنس کو شفاف انکوائری کا حکم دیا۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق انکوائری میں دونوں پولیس اہلکار قصوروار قرار پائے جس کے بعد تھانہ ہئیر میں کانسٹیبلان جاوید اور راحیل کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں اہلکاروں کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے غیر قانونی رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور پولیس اہلکار بھی قانون سے بالاتر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے جبکہ محکمانہ احتساب کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں