اٹلی کی وزارتِ خارجہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں اعلان کیا گیا ہے کہ تجربہ کار اطالوی سفارت کار یوگو چارلاتانی (Ugo Ciarlatani) یکم جولائی 2026 سے پاکستان میں اٹلی کے نئے سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ اسلام آباد میں موجودہ اطالوی سفیر Marilina Armellin کی جگہ لیں گے۔
تقریب میں مختلف تجارتی تنظیموں، کاروباری شخصیات اور اٹلی-ایران و ای سی او ممالک کے چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نئے سفیر کا تعارف کرایا گیا اور پاکستان میں اقتصادی و تجارتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یوگو چارلاتانی ایک سینئر اور تجربہ کار سفارت کار ہیں، جو یونان، فرانس، بھارت، جنوبی افریقہ اور اٹلی میں مختلف سفارتی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔ ان کے پاس سیاسیات اور قانون کی ڈگریاں بھی موجود ہیں۔
سفارتی حلقوں کے مطابق ان کی تعیناتی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی سفارتی اور اقتصادی اہمیت کا حامل ملک بن چکا ہے۔ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے بانی ممالک میں شامل ہے اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اٹلی-ای سی او چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئے سفیر کی قیادت میں پاکستان میں اطالوی سرمایہ کاری، خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کے شعبے میں، مزید مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا۔












