اٹلی کے جزیرے سردینیا کے دارالحکومت کیگلیاری میں واقع ایک مسجد کے داخلی دروازے کے قریب آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے رات کے وقت مسجد کے قریب موجود پلاسٹک کی فُل دانیاں اور دیگر اشیاء کو آگ لگائی، جس کے نتیجے میں مسجد کے داخلی گیٹ اور اطراف کی دیواروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
اطالوی میڈیا کے مطابق واقعہ شہر کے تاریخی علاقے Via del Collegio میں پیش آیا، جہاں مسلم کمیونٹی کا عبادت گاہ موجود ہے۔ تحقیقات کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر آتش گیر مائع استعمال کرکے لگائی گئی، تاہم حتمی نتائج تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
علاقے کے رہائشیوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ اور کارابینیری اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔
واقعے کے بعد مقامی حکام، سیاسی رہنماؤں اور مسلم تنظیموں نے سخت مذمت کرتے ہوئے مذہبی مقامات کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے تحفظ پر زور دیا۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔












