معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کے خلاف جاری قانونی تنازع کے حوالے سے اپنا مؤقف تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قانونی جدوجہد صرف ایک مقدمہ نہیں بلکہ اپنے حق، عزت اور مبینہ ہراسانی و دھمکیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی کوشش ہے۔
اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ انہیں ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے اپنی قانونی جنگ آخری حد تک جاری رکھیں گی اور انہیں یقین ہے کہ حقیقت سامنے آ کر رہے گی۔
مومنہ اقبال نے مزید دعویٰ کیا کہ مذکورہ فریقین کے خلاف دیگر معاملات بھی زیرِ تفتیش ہیں جبکہ ان کے اپنے مقدمے کے حقائق بھی سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ متعلقہ ایف آئی آر کی کاپی بھی شیئر کی اور کہا کہ انہیں عدالتی نظام پر مکمل اعتماد ہے اور انصاف ملنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر چکا ہے، جبکہ متعلقہ الزامات اور دعوؤں کا حتمی فیصلہ عدالتوں اور تفتیشی اداروں کی کارروائی کے بعد ہی سامنے آئے گا۔












