اٹلی میں کاغذی شناختی کارڈ(کارتا دی ادنتیتا) رکھنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری

Author

اٹلی میں کاغذی شناختی کارڈ (Carta d’Identità Cartacea) استعمال کرنے والے لاکھوں شہریوں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ اطالوی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کاغذی شناختی کارڈ جو ابھی تک اپنی مقررہ مدتِ معیاد پوری نہیں کر چکے، 3 اگست 2026 کے بعد بھی اپنی اصل میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔
یاد رہے کہ یورپی یونین کے ضوابط کے تحت اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ 3 اگست 2026 کے بعد تمام کاغذی شناختی کارڈز اپنی درج شدہ میعاد سے قطع نظر غیر مؤثر ہو جائیں گے اور ان کی جگہ الیکٹرانک شناختی کارڈ (CIE) کا استعمال لازمی ہوگا۔
تاہم حالیہ دنوں میں مختلف بلدیاتی دفاتر میں الیکٹرانک شناختی کارڈ کے حصول کے لیے طویل انتظار اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث اطالوی کابینہ نے اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے فیصلے کے مطابق جن افراد کے پاس کاغذی شناختی کارڈ موجود ہیں اور ان کی مدتِ معیاد ابھی باقی ہے، وہ عوامی خدمات، سرکاری اداروں اور اندرونِ ملک مختلف انتظامی امور کے لیے اپنے موجودہ شناختی کارڈ استعمال کر سکیں گے، اور انہیں فوری طور پر الیکٹرانک شناختی کارڈ بنوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلدیاتی دفاتر پر غیر معمولی بوجھ کو کم کرنا اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا ہے۔ مزید یہ کہ جہاں بلدیات فوری طور پر الیکٹرانک شناختی کارڈ جاری کرنے سے قاصر ہوں، وہاں عارضی شناختی دستاویزات جاری کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اندرونِ اٹلی کاغذی شناختی کارڈ کی مدت بڑھا دی گئی ہے، تاہم بیرونِ ملک سفر کرنے والے افراد کو الیکٹرانک شناختی کارڈ یا پاسپورٹ رکھنے کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ سرحدی اور سفری ضوابط سے متعلق کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں