ویانا: نور اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام عظیم الشان سالانہ محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد

ویانا (محمد عامر صدیق )

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں نور اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام بسلسلہ ربیع الاول عظیم الشان سالانہ محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد بتاریخ 14 ستمبر 2024ء بروز ہفتہ بوقت بعداز نمازِ عصر کیا گیا۔

محفل میں سفارت خانہ پاکستان کے اسٹاف سمیت آسٹریا کے چھوٹے بڑے شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کے بزرگوں، نوجوانوں، بچوں اور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔نورانی محفل کے شرکا نے درود و سلام کی صدائیں بلند کیں اور حضور پُرنور حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت کا جشن منایا۔

محفل کی نقابت کے فرائض اوزیفہ ربانی نے بہت ہی خوبصورت انداز میں انجام دیے۔ تلاوت قران پاک کے بعد سرکارﷺ کی نعت کی سعادت حاجی اکبر، شیخ محمد وقاص احمد،غلام مصطفی نعیمی،صیاب احمد اور شہریار خان کو حاصل ہوئی۔ جرمن زبان میں ڈاکٹر عاطف نے سیرت النبیﷺ پر مختصر خطاب کیا۔ نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے اپنے خصوصی خطاب میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا نے حضور نبی اکرمﷺ کی ولادت باسعادت اور میلاد منانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسولﷺ ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفیﷺ کے بغیر ممکن نہیں۔ جشن میلاد النبی ﷺ منانا مستحسن اور جائز عمل ہے بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ کو فروغ دینے کا انتہائی موثر تیر بہدف نسخہ ہے، جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔ بعداز نماز مغرب کے بعد سب نے مل کر صلاۃ و سلام حضور اکرم ﷺ پیش کیا۔ آخر میں نور اسلامک سینٹر کے خطیب نے خصوصی دعا ملک پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں حاضرین کے لیے خصوصی دعائیں کی۔محفل کے اختتام پر حاضرین محفل کے لئے لنگر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔

آخر میں مسجد نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے تمام لوگوں کا محفل میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں