یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں سفارت خانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی بہادر مسلح افواج، عسکری قیادت اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ طلبہ، سماجی، سیاسی، مذہبی شخصیات اور صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے وطن سے اپنی محبت اور افواجِ پاکستان سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستانی نوجوانوں اور طلبہ نے بھی تقاریر کرتے ہوئے معرکۂ حق کی اہمیت اور قومی اتحاد کے جذبے کو اجاگر کیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ دن پاکستانی قوم کے عزم، قربانیوں اور دفاعِ وطن کے جذبے کی علامت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونان میں تعینات سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط اتحاد و یگانگت کی روشن مثال بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے خلاف بنیان المرصوص کی طرح ملک کے دفاع میں مصروفِ عمل ہیں اور معرکۂ حق پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی اس قومی جذبے میں برابر کے شریک ہیں اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کیلئے ہمیشہ متحد رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔












