پاک کشمیر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور پاک فیڈریشن اٹلی کے اشتراک سے منعقدہ سپر فور شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، تاہم وقت کی کمی کے باعث دوسرے راؤنڈ کا کھیل مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے باہمی مشاورت اور رضامندی سے میچ کو ٹائی قرار دینے کا فیصلہ کیا۔
فائنل کے نتیجے میں انعامی رقم دونوں ٹیموں کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کر دی گئی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی معروف کاروباری شخصیت میاں عمران یونس اور پاک اتحاد ایسوسی ایشن اٹلی کے سینئر نائب صدر چوہدری اسجد علی چنڈالہ تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔
ٹورنامنٹ میں ہونے والے کانٹے دار اور دلچسپ مقابلوں نے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ اس موقع پر پاکستان، برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک سے والی بال کے شائقین کی بڑی تعداد بولونیا پہنچی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتی ہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور باہمی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے شہر کے معروف کاروباری مرکز میں واقع مرچ مصالحہ ریسٹورنٹ میں مہمانوں اور شرکاء کے اعزاز میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جہاں شرکاء نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
شرکاء نے پاک کشمیر فاؤنڈیشن اور پاک فیڈریشن اٹلی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔












