مالمو (زبیر حسین )
گزشتہ روز سویڈن کے حکومتی ارکان نے ایک پریس کانفرس کے ذریعے اعلان کیا کہ رضاکارانہ طور پر سویڈن سے ہجرت کرنے والے غیر ملکیوں کو فی کس ساڑھے تین لاکھ کرونا دیا جائے گا جس کا اطلاق سال 2026 کے آغاز سے ہوگا، سویڈن چھوڑنے والوں کے لئے موجودہ امدادی رقم فی کس بالغ دس ہزار اور بچوں کے لئے پانچ ہزار کرونا ہے جبکہ ایک فیملی کو ملک چھوڑنے کے لئے چالیس ہزار کرونا سے زیادہ رقم نہیں دی جاتی۔
مذکورہ پریس کانفرنس میں حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ ملک چھوڑنے والوں کے لئے امدادی رقم بڑھانے کا مقصد فقط اتنا ہے کہ لوگ رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں،
ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمارا تخمینہ ہے کہ اس طرح ایک سال میں کم از کم 1300 افراد ملک چھوڑ دیں گے اور یوں ملک پر مہاجرین کا بوجھ گھٹتا جائے گا۔ گزشتہ ماہ سویڈن کی سابقہ مائگریشن منسٹر ماریہ مالمر نے ایک پریس کانفرنس میں اعداد وشمار بتاتے ہوئے کہا تھا کہ سویڈن کی 50 سالہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہے کہ غیر ملکی سویڈن سے ہجرت کر رہے ہیں
سویڈن مائگریشن بورڈ کی تفصیلات کے مطابق 1997 کے بعد ایسا پہلی بار ہے کہ سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد دیگر یورپی ممالک کےمقابلے میں انتہا درجے کم ریکارڈ کی گئی۔
سال 2023 کی رپورٹ کے مطابق عراق، سیریا اور صومالیہ کے شہریوں کی بڑی تعداد سویڈن چھوڑ کر جاچکی ہے اور اس تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔