سعودی عرب کے جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے حج 2026ء کے دوران حجاج کرام کی مجموعی تعداد جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال 17 لاکھ 7 ہزار 310 افراد نے فریضۂ حج ادا کیا، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 2.04 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیرونِ مملکت سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 46 ہزار 655 رہی، جبکہ سعودی عرب کے اندر سے حج ادا کرنے والے شہریوں اور مقیم افراد کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی حجاج میں مردوں کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 396 جبکہ خواتین کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 رہی۔
سعودی حکام کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج میں سے 14 لاکھ 85 ہزار 729 افراد فضائی راستے، 54 ہزار 429 بری راستے جبکہ 6 ہزار 497 بحری راستے سے سعودی عرب پہنچے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کے 165 مختلف ممالک سے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچے۔
اتھارٹی کے مطابق “مکہ روٹ انیشیٹو” سے فائدہ اٹھانے والے حجاج کی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار 700 رہی، جبکہ حج آپریشنز میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 70 تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ رضاکاروں کی تعداد میں تقریباً 22 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جو گزشتہ برس 34 ہزار 540 تھی جبکہ رواں سال یہ تعداد کم ہو کر 26 ہزار 701 رہ گئی۔
واضح رہے کہ سعودی محکمہ شماریات نے یہ تمام اعداد و شمار وزارت داخلہ کے انتظامی ریکارڈ کی بنیاد پر جاری کیے ہیں۔












